پارٹی تنظیم نو، پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ شروع کر دی


 پارٹی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی بلوچستان میں اختلافات شدت اختیار کرنے کے باعث پارٹی قیادت نے صوبے میں تنظیم نو رواں ماہ کرنے کا حکم دے دیا ہے، پیپلز پارٹی بلوچستان کی تنظیم نو آئندہ 2 ہفتوں میں ہوگی۔ ذرائع کے مطابق پی پی بلوچستان کے رہنماؤں نے عہدوں کے لیے لابنگ شروع کر دی ہے، اور پارٹی قیادت سے رابطوں میں تیزی آ گئی ہے، صدر پی پی بلوچستان کے لیے 5، جب کہ جنرل سیکرٹری کے لیے 2 امیدوار مدمقابل ہیں۔ صدر پی پی بلوچستان کے لیے صادق عمرانی اور ثنا اللہ زہری میں مقابلہ ہے، صدارت کے لیے صابر بلوچ، علی حسن زہری، اور عمر گوریج کی جانب سے بھی لابنگ جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میر علی حسن زہری صدر پیپلز پارٹی بلوچستان کے لیے مضبوط امیدوار ہیں، وہ آصف زرداری کے انتہائی قریب سمجھے جاتے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جنرل سیکریٹری پیپلز پارٹی بلوچستان کے لیے سربلند جوگیزئی اور نورالدین کاکڑ مدمقابل ہیں، تاہم سربلند جوگیزئی فیورٹ ہیں۔ یاد رہے کہ پارٹی قیادت کے حکم پر 28 ستمبر کو بلوچستان تنظیم تحلیل کی گئی تھی، اور صدر پی پی بلوچستان چنگیز جمالی اور جنرل سیکریٹری روزی خان کو ہٹایا گیا تھا، پی پی بلوچستان ڈویژنل، ضلعی عہدیدار صوبائی تنظیم کے مخالف تھے۔ صوبے میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے ری آرگنائزنگ کمیٹی قائم کی گئی ہے، بلوچستان ری آرگنائزنگ کمیٹی تنظیم نو پر سفارشات قیادت کو دے گی، یہ کمیٹی صادق عمرانی، عمر گورگیج، اقبال شاہ پر مشتمل ہے، اور ثنا اللہ زہری، میرباز کھیتران، صابر بلوچ ری آرگنائزنگ کمیٹی کا حصہ ہیں۔

Post a Comment

0 Comments