’اہم فیصلوں پر اعتماد میں نہیں لیا جارہا‘ پیپلز پارٹی کی پھر حکومت سے علیحدگی کی دھمکی

 

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی ترجمان شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی  کے حوالے سے سخت ردعمل  دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت متواتر ایسے فیصلے کر رہی ہے جن کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا جارہا، پاکستان میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کے قیام پر اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کہہ رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کو پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے اور پی پی جس دن حمایت ختم کردے گی وفاقی حکومت بھی ختم ہوجائے گی، شائد مسلم لیگ ن کو اس بات کا ادراک نہیں ہے۔ ترجمان پی پی شازیہ مری نے کہا کہ وفاقی حکومت ایسے فیصلے کر رہی ہے جن پر اعتماد میں نہیں لیا جارہا، اتھارٹی کے فیصلے پر سندھ حکومت، پیپلز پارٹی دونوں کو بے خبر رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ قومی مفاداتی کونسل کا اجلاس بلائیں، 11 ماہ گزر گئے تاحال مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہیں بلایا گیا، آئین کی مستقل اور کھلی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ پی پی ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم 3 ماہ میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں، میری ٹائم اینڈ سی پورٹ اتھارٹی کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کیا اہم امور پر اتحادیوں، صوبوں کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ کرنا دانشمندی ہے؟ وفاقی حکومت کی روش سمجھ سے بالاتر ہے اس طرز خلیج اور بڑھے گی، ملک کو آئینی وقانونی طرز عمل پر چلایا جائے تو وہ سب کیلئے بہتر ہوگا، میری ٹائم سیکٹر پر اتحادیوں اورصوبوں کی رائے سب سے پہلے لی جائے۔

Post a Comment

0 Comments