پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

 

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نادرا میگا سینٹر فائیو اسٹار چورنگی، اور نادرا میگا سینٹر سیمنس چورنگی (سائٹ) میں شہریوں کو پاسپورٹ کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ شہر میں متبادل پاسپورٹ سینٹرز کا قیام مرکزی پاسپورٹ آفس پر رش کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے، گزشتہ دنوں ڈی جی پاسپورٹ مصطفیٰ جمال قاضی کے کراچی دورے کے موقع پر نادرا سینٹرمیں پاسپورٹ آفس کے قیام کا فیصلہ ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق کراچی سمیت پاکستان بھر کے 11 کے لگ بھگ نادرا میگا سینٹرز پر پاسپورٹ کی سہولیات متعارف کروائی جا رہی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے ملک بھر میں پاسپورٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ یکم جولائی سے اب تک ریکارڈ 33 لاکھ 76 ہزار 510 پاسپورٹس پرنٹ ہوئے، نارمل کیٹگری کے 7 لاکھ 76 ہزار 451 اور ارجنٹ کیٹگری کے 18 لاکھ 96 ہزار 403 پاسپورٹس کی پرنٹنگ مکمل ہوئی۔ فاسٹ ٹریک کیٹگری کے تحت اپلائی کیے گئے 7 لاکھ 3 ہزار 656 درخواستوں کو نمٹایا گیا، ڈی جی پاسپورٹس نے کہا کہ شہری میسج یا ای امیل کا انتظار کیے بغیر اپنے پاسپورٹس وصول کر سکتے ہیں، تمام تر ریجنل پاسپورٹ دفاتر میں شہریوں کے پاسپورٹس کی ترسیل مکمل ہو چکی ہے، اور شہریوں کو بروقت پاسپورٹس کے اجرا کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Post a Comment

0 Comments