تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے اور بلوچستان میں چلنے والی سرد ہواؤں نےکراچی کا رخ کرلیا ، رات گئے سرد ہواؤں سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں پارہ 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ شدت سات ڈگری تک محسوس کی گئی تاہم سردی کی حالیہ لہر چار سے پانچ دن تک برقرار رہے گی۔ بالائی علاقوں میں برفباری سے ہنزہ میں درجہ حرارت منفی گیارہ، قلات منفی نو ، کوئٹہ منفی سات، ایبٹ آباد چار، پشاور چھ اور لاہور میں گیارہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کوئٹہ اور زیارت میں بھی یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے، محکمہ موسمیات نے کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، استور، مالم جبہ اور دیگربالائی علاقوں میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور،اسلام آباد،پشاور سمیت بیشتراضلاع میں موسم سردرہے گا اور پنجاب کےمیدانی علاقوں میں صبح دھند چھائےرہنے کی توقع ہے۔ دیربالامیں شدید برف باری نےلوگوں کی مشکلات بڑھا دیں ، جس سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں اور لوگ گھروں میں محصورہوگئے جبکہ چترال میں بھی راستوں پر پڑی برف نےآمدورفت معطل کردی ہے۔
0 Comments