پنجاب کے شہر گجرات میں شاہ جہانگیر روڈ پر بکرا منڈی کے قریب گھر سے 5 بچوں کی لاشیں ملی ہیں، مرنے والے بچوں میں 4 بہن بھائی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمریں 6 سے 13 سال کے درمیان ہیں، جن میں چار بہن بھائی اور ان کا ایک کزن شامل ہے، جاں بحق بہن بھائیوں کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔ اس حوالے سے بچوں کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ سردی سے بچنے کیلئے بچوں نے کمرے میں کوئلے جلا رکھے تھے، جس میں وہ آگ تاپ رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں میں 13سالہ لائبہ ، 11سالہ ہاشم، 10سالہ ہادی، 6 سالہ حنان ،6 سالہ سالم فیاض شامل ہیں، بچوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈی ایچ کیو عزیز بھٹی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بظاہر ان بچوں کی موت کی وجہ کمرے میں کوئلے کے جلنے سے بننے والی گیس بھر جانے کے باعث دم گھٹنے سے واقع ہوئی ہے تاہم بچوں کی موت کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
0 Comments